نئی دہلی،26؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) 69ویں یوم جمہوریہ آج ملک بھر میں پورے جوش خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر ریاستوں میں متعدد پروگرام منعقدکیے گئے اورقومی تہوارپرملک کی عوام میں کافی جوش دکھائی دیا۔میزورم کے گورنر لیفٹنیٹ جنرل(ریٹائرڈ)نربھے شرما نے آسام رائفلس کے میدان میں قومی پرچم لہرایا اور ریاست کے لوگوں، غیر سرکاری تنظیموں، مذہبی اداروں اور میڈیا کو امن اور سکون کی حفاظت کے لئے مصروف عمل رہنے کے لئے مبارک باد دی۔پرچم لہرانے کے بعد شرما نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سوسائٹی اور رضاکارانہ تنظیموں کے اجتماعی کوششوں اور وعدوں نے میزورم کو ملک کے پُرامن مکمل ریاستوں میں سے ایک برقرار رکھنے کے لیے ممکن بنایا۔اروناچل پردیش کے گورنر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) ڈاکٹر بی ڈی مشرا نے یٹانگر کے اندرا گاندھی پارک میں قومی پرچم لہرایا۔انہوں نے لوگوں سے آئین میں موجود اقدار کو برقرار رکھنے کے لئے اجتماعی عہد لینے کی اپیل کی۔ساتھ ہی ریاست کے لوگوں کو ریاستی حکومت کی طرف سے چلائے جارہے قابل ذکر ترقی کی منصوبہ بندی میں شراکت دینے کے لئے حوصلہ افزائی کی۔تمل ناڈو کے گورنر بنواریلال پروہت نے مرینا میں ترنگا پرچم لہرانے کے بعد توپوں کی سلامی لی۔مسلح افواج کے جوانوں اور سیکورٹی اہلکاروں نے یہاں کے مشہور مرینا ساحل کے کامراج سلائی پر بہترین مارچ نکالا۔جسے دیکھنے بڑی تعداد میں لوگ آئے ۔اس موقع پر ریاست کے وزیر اعلی کے پلانیسوامی نے پولیس اہلکاروں کو مختلف انعامات سے نوازا۔نائب وزیر اعلی او پنیرسیلوم، اسمبلی اسپیکر پی دھنپال اور مدراس ہائی کورٹ کی چیف جسٹس اندرا بنرجی بھی موجود تھیں۔پورے اڑیسہ میں سخت سیکورٹی کے درمیان 69 واں یوم جمہوریہ منایا گیا ۔وزیر اعلی نوین پٹنائک نے کٹک کے بارابتی اسٹیڈیم میں قومی پرچم لہرایا۔